بغداد،21/دسمبر (آئی این ایس انڈیا)عراق کے دارالحکومت بغداد کے قلعہ نما گرین زون میں واقع امریکا کے سفارت خانہ پر اتوار کو کاتیوشا راکٹوں سے ایک اورحملہ کیا گیا ہے۔
العربیہ کے نمایندے ماجد حامد نے بغداد سے اطلاع دی ہے کہ امریکی سفارت خانے کی جانب تین راکٹ داغے گئے تھے۔اب عراقی سکیورٹی فورسز میزائل لانچروں کی تلاش میں ہیں جہاں سے گرین زون کی جانب کاتیوشا راکٹ داغے گئے تھے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق امریکی سفارت خانے کے میزائل شکن دفاعی نظام نے ان راکٹوں کو روک لیا تھا،اس کے بعد وہ پھر گرین زون ہی میں گرے ہیں۔
عراقی سکیورٹی فورسز نے امریکی سفارت خانہ پر اس راکٹ حملے کے بعد گرین زون کا محاصرہ کر لیا ہے۔ فوری طور پر کسی گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ کئی مہینوں سے بغداد کے بیچوں بیچ بہنے والے دریائے دجلہ کے اس پار سے انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون کی جانب راکٹ فائر کیے جارہے ہیں۔ گرین زون میں عراقی حکومت کے دفاتر،پارلیمان اور امریکی سفارت خانے سمیت غیرملکی مشن واقع ہیں۔
امریکا ماضی میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں پر ان راکٹ حملوں کا الزام عاید کرتا رہا ہے۔تاہم ایران نے ابھی تک امریکی الزامات کے ردعمل میں براہ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔